نئی دہلی۔ تجربہ کار وکٹ کیپر دنیش کارتک کا خیال ہے کہ اگر آف اسپنر روی چندرن اشون ونڈے ٹیم کا حصہ نہیں ہے اور بی سی سی آئی نے بی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا تو اشون کو ایشین گیمز2023 کے لیے ہندوستان کا کپتان بنایا جانا چاہیے جوکہ چین کے مقام ہانگزو میں اس سال کے آخر میں کھیلا جائے گا ۔ کارتک کے تبصرے ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب متعدد رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بی سی سی آئی 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک ہونے والے ایشین گیمز کے لیے مرد اور خواتین دونوں ٹیموں کو بھیجے گا۔ تاہم، میگا ایشین ایونٹ ونڈے ورلڈ کپ سے ٹکرائے گا کیونکہ ہندوستانی مردوںکی ٹیم بھی8 اکتوبرکو چینائی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس لیے بورڈ کی جانب سے دوسری ٹیم کو چین بھیجنے کا امکان ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ تجربہ کار اوپنر شکھر دھون جو فی الحال مین ٹیم سیٹ اپ کا حصہ نہیں ہیں، امکان ہے کہ چار سالہ ایونٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لیکن 38 سالہ کارتک نے سلیکٹر سے اشون کو کپتان بنانے کی اپیل کی ہے۔ اشون اپنی بولنگ کے معیار اور اس کی وکٹوں کی تعداد کے لحاظ سے اب تک کھیلنے والے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ میں حقیقی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ اگر ہندوستان ایک بی ٹیم بھیج رہا ہے، جس میں اہم ٹیم ورلڈکپ کی تیاری کر رہی ہے اور اگر اشون ونڈے سیٹ اپ کا حصہ نہیں ہے تو انہیں کپتان بنانا چاہیے۔ میں حقیقی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ وہ مستحق ہے اور اس نے ٹیم کے کپتان ہونے کا حق حاصل کیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ وہ کم از کم ایشین گیمزکے لیے اشون کو کپتان بنائیں۔ یہ ان کے کارناموں میں ایک اور اضافہ ہوگا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کرکٹ کا آخری مرتبہ 2014 کے ایڈیشن میں ایشین گیمز میں انعقاد کیا گیا تھا۔ ہندوستانی ٹیموں نے نو سال پہلے اس مقابلے میں حصہ نہیں لیا تھا۔