سڈنی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے سال کے پہلے دن نیٹ پر مشق کی اور اسی کے ساتھ زخم پر قابو پانے اور آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے جانے والے چوتھے اورآخری ٹسٹ میں واپسی کے اشارے دیئے ۔ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں ٹسٹ سیریز میں فی الحال مہمان ٹیم 2-1 سے آگے ہے اور چوتھا اورآخری ٹسٹ میچ 3 تا7 جنوری سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گی۔ آسٹریلیائی ٹیم شکست کے بعد اب سریز ڈرا کرنے کے مقصد کے ساتھ جوابی تیاری میں ہے اور ٹیم نے اپنے ٹریننگ سیشن میں بھی جم کر پسینہ بہایا جبکہ ہندستانی ٹیم برتری کے بعد آرام کے موڈ میں نظر آئی اور ٹریننگ کرنے نہیں اتری۔فی الحال ٹیم سے باہر بیٹھے ہوئے اشون ہندوستانی ٹیم کے اکیلے کھلاڑی رہے جنہوں نے اپنا وقت نیٹ پر پریکٹس میں گزارا۔ اشون کے ساتھ فزیو پیٹرک فارھارٹ اور ٹرینر شنکر باسو بھی گراؤنڈ پر اس دوران ان کی مدد کے لیے موجود رہے ۔اشون کو ایڈیلیڈ ٹسٹ کے چوتھے دن میچ کے دوران پیٹ میں تکلیف ہو گئی تھی اور پانچویں دن بھی وہ میدان پر فیلڈنگ کے لئے اترے جس سے ان کی تکلیف اور سنگین ہوئی۔ اس میچ کو ہندستان نے جیت کر سیریز میں 1-0 کی برتری بنائی تھی۔ پہلے میچ کے بعداشون پرتھ اور میلبورن ٹسٹ سے باہر ہو گئے ۔