اضافی قیمتوں کیخلاف کانگریس کا ریاست گیر سطح پر احتجاج اور دھرنا

   

ریونت ریڈی نے دہلی میں شرکت کی۔ حیدرآباد اور اضلاع میں گیاس سیلنڈر سکے ساتھ منفرد احتجاج
حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آج ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا گیا۔ حیدرآباد اور تمام اضلاع میں کانگریس اور اُس کی محاذی تنظیموں کی جانب سے گیاس سلینڈرس پر پھول نچھاور کرتے ہوئے برتن اور دیگر اشیاء سے آواز کی گئی تاکہ منفرد انداز میں مہنگائی کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے۔ کئی مقامات پر برتن کے بجائے باجے کا انتظام کیا گیا تھا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں راہول گاندھی کے ہمراہ احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کھمم میں احتجاج کی قیادت کی۔ کانگریس کے سینئر قائدین نے اپنے اپنے اضلاع میں احتجاج کی قیادت کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق کریم نگر میں سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ بھونگیر ضلع میں صدر ضلع کانگریس انیل کمار کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ جڑچرلہ میں کانگریس کارکنوں نے راستہ روکو احتجاج منظم کیا۔ کئی علاقوں میں مہیلا کانگریس کی جانب سے احتجاج منظم کرتے ہوئے اضافی قیمتوں سے دستبرداری کی مانگ کی گئی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ نے عنبرپیٹ میں احتجاج کی قیادت کی۔ اِس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ خواتین کے لئے مشکلات پیدا کردی گئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس دور حکومت میں پکوان گیس کی قیمت 450 روپئے سے کم تھی جو آج ایک ہزار روپئے سے بڑھ چکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے عوام بی جے پی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کو اقتدار حوالے کریں گے۔ ر