اضلاع میں آئندہ 5 دنوں کے دوران بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔22۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آئندہ 5یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کے امکانات کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع بالخصوص جنوبی اضلاع میں آئندہ 5یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کے امکانات پائے جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق ریاست تلنگانہ میں گذشتہ چند یوم سے جاری سردی کی لہر کا سلسلہ بہت حد تک ختم ہوچکا ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران ریاست کے بیشتراضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مطلع ابرآلود ہونے اور ہلکی اور تیز بارش کی صورت میں سردی کی لہر جو عام طور پر ڈسمبر کے اواخر میں ریکارڈ کی جاتی ہے اس طرح کی سردی کی لہر ریکارڈ کئے جانے کا امکان بہت کم ہے جبکہ ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں یہ بھی کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران ہونے والی بارش کے بعد رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے لیکن اس گراوٹ کے نتیجہ میں کوئی سرد لہروں کے دوبارہ شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔3