اضلاع کی سڑکوں کو چار ٹریکس میں تبدیلی

   

حکومت سے ریاست کی مجموعی ترقی پر توجہ ، وی پرشانت ریڈی
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ریاستی حکومت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ریاست مجموعی ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے اور ریاست میں مواضعات کو ضلع ہیڈکوارٹر سے اور ضلع ہیڈ کوارٹرس کو ریاست کے صدر مقام سے جوڑنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیںجن میں بہتر سڑکوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جار ہاہے ۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر وی پرشانت ریڈی نے روڈ کانگریس کے اجلاس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کو بہتر اور محفوظ سڑکوں کی فراہمی کیلئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیںان میں سب سے اہم ریاست کے صدر مقام تک پہنچنے والی تمام اضلاع کی سڑکوں کو 4ٹریک بنایا جاچکا ہے اور ریاست کے تمام اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس تک پہنچنے والی سڑکوں کو 2لائن والی شاہراہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ مسٹر وی پرشانت ریڈی نے بتایا کہ محفوظ شاہراہوں کی فراہمی کے لئے کروڑہا روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کا مقصد ریاست میں شاہراہوں کے استعمال کرنے والوں بہترین اور محفوظ سفر فراہم کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ ریاستی حکومت اس بات سے اتفاق کرتی ہے کہ ریاست کی معیشت میں استحکام کیلئے ریاست میں بہترین سڑک کا نیٹ ورک ناگزیر ہوتا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں موجود 459 منڈلوں میں جملہ 145ایسے منڈل ہیں جو کہ ڈبل لائن سے مربوط نہیں ہیں لیکن حکومت کی جانب سے 139منڈلوں کو ڈبل لائن سے مربوط کرنے کیلئے اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں اور اس کے لئے 2ہزار 587کروڑ روپئے مختص کئے جا چکے ہیں۔مسٹر وی پرشانت ریڈی نے بتایا کہ ریاستی شاہراہوں کو ترقی دینے اور انہیں ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لئے حکومت نے 5ہزار 595کیلو میٹر سڑک کی تعمیر اور ترقی کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے 7 ہزار915کروڑروپئے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے انڈین نیشنل روڈ کانگریس کے اجلاس سے خطاب کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے سڑکوں کی توسیع اور برجس کی تعمیر کے علاوہ شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ عوام اور ریاست کی ترقی کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل آوری کو یقینی بنایاجارہا ہے۔