رامپور: رکن پارلیمان اعظم خان کے خلاف درج مقدموں کے فرضی قرار دیتے ہوئے اسے خارج کرنے کا مطالبہ کرنے والے آر ٹی آئی کارکن اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے جانے پر غور کررہے ہیں۔مستقل طور سے اتراکھنڈ کے نینی تال باشندہ آر ٹی آئی کارکن دانش خان نے چہارشنبہ کو یواین آئی سے بات چیت میں کہا کہ 7جولائی کو حقوق انسانی کمیشن میں ایک عرضی داخل کی تھی جس میں انہوں نے رامپور کے ایس پی رکن پارلیمان کے خلاف در ج مقدموں کو فرضی قرار دیتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ کمیشن نے ان کی عرض کو دس اگست کو درج کیا تھا جبکہ 16اگست کو عرضی کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا گیا تھا کہ یہ عدالت کا معاملہ ہے اس لئے اس پر غور نہیں کیا جاسکتا۔دانش خان نے کہا کہ اعظم کے خلاف درج زیادہ تر مقدموں میں انہیں ضمانت مل چکی ہے ۔ اس کے باوجود انہیں ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حمیت کو دیکھتے ہوئے حقو ق انسانی کمیشن اس پر ایکشن لے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی عرضی میں انہوں نے مسٹر اعظم کے علاوہ ملک میں رہنے والے مذہبی اقلیتوں کے ہراسانی کی بات کہی ہے جس کے خارج ہونے کے بعد اب وہ اقوام متحدہ میں جائیں گے ۔