لکھنؤ : سماج وادی پارٹی کے یکے بعد دیگرے قائدین اب پارٹی ایم پی محمد اعظم خان کی حمایت میں سامنے آرہے ہیں جو فروری 2020ء سے جیل میں قید ہیں اور اس کے علاوہ انہوں نے کوویڈ سے متاثر ہونے کے بعد تین ماہ ہاسپٹل میں بھی گذارے۔ اس دوران اعظم خان کو پارٹی کی جانب سے سوائے زبانی ہمدردیوں کے اور کچھ حاصل نہیں ہوا لیکن اب شاید ان کا ’’ضمیر‘‘ جاگ گیا ہے اور وہ اعظم خان کی حمایت میں سامنے آرہے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ حال ہی میں سماج وادی پارٹی قائدین کا ایک قافلہ گنگاجل کے ساتھ رامپور پہنچا۔ ان کا کہنا ہیکہ اعظم خان کو حکمراں بی جے پی نے اپنی سازشوں کا نشانہ بنایا۔ ان کے خلاف جو بھی الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ سب بے بنیاد ہیں۔ ان کی حالت خراب ہونے کے بعد ہاسپٹل سے انہیں گھر جانے کی اجازت دینا چاہئے تھی لیکن ظالم حکومت نے انہیں ہاسپٹل سے دوبارہ جیل منتقل کردیا جو اس بات کا ثبوت ہیکہ بی جے پی حکومت میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔