رامپور ( یو پی ) 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان کے خلاف گذشتہ ایک ماہ میں لینڈ گرابنگ کے 27 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اعظم خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی یونیورسٹی کیلئے اراضیات پر قبضے کئے ہیں۔ اعظم خان اکھیلیش یادو حکومت میں کابینی وزیر تھے ۔ وہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کے بانی اور چانسلر ہیں۔ یہ یونیورسٹی 2006 میں قائم کی گئی تھی ۔ رامپور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اجئے پال شرما نے کہا کہ 11 جولائی کے بعد سے تقریبا ایک درجن کسانوں نے پولیس سے رجوع ہوتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی اراضی کو یونیورسٹی کیلئے ہتھیا لیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں 27 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ یہ مقدمات تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔