کولکتہ،3 مارچ (یو این آئی) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2026 کا پہلا سیمی فائنل چہارشبنہ کو کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا، جہاں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ میچ شام7 بجے شروع ہوگا۔ یہ مقابلہ دو مختلف فلسفوں کی جنگ ہے ۔ جنوبی افریقہ اپنی چوکرزکی چھاپ مٹانے کی کوشش کرے گا، جبکہ نیوزی لینڈ اپنی اس شناخت کو مزید مضبوط کرنا چاہے گا کہ وہ آئی سی سی کے بڑے ٹورنمنٹس کی سب سے مستقل مزاج ٹیم ہے۔ جنوبی افریقہ کے لیے یہ سیمی فائنل محض ایک میچ نہیں بلکہ اپنی تاریخ بدلنے کا ایک سنہری موقع ہے ۔ ٹورنمنٹ کے دوران پروٹیز نے بہترین نظم و ضبط اور نپی تلی جارحانہ حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ان کی فاسٹ بولنگ اور ٹاپ آرڈر بیٹرس کی کارکردگی نے انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے ۔ تاہم ماضی میں ناک آؤٹ مقابلوں میں دباؤکا شکار ہونا جنوبی افریقہ کے لیے ہمیشہ ایک چیلنج رہا ہے اورکل ان کے صبر و تحمل کا اصل امتحان ہوگا۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے روایتی پرسکون انداز اور بہترین گیم پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ بلیک کیپس کی خاصیت یہ ہے کہ وہ بڑے مقابلوں میں دباؤکو بخوبی جھیلنا جانتے ہیں۔ اگرچہ وہ ہمیشہ بہت زیادہ جارحانہ نظر نہیں آتے ، لیکن ان کی فیلڈ پلیسمنٹ اور صورتحال کے مطابق بیٹنگ انہیں ایک خطرناک حریف بناتی ہے ۔ایڈن گارڈنزکی پچ روایتی طور پر بیٹرس اوربولروں دونوں کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاور پلے کے ابتدائی6 اوورزاور میچ کے آخری لمحات میں اوس کا کردار انتہائی اہم ہوگا، جس کی وجہ سے ٹاس جیتنے والی ٹیم کے لیے فیصلے آسان ہو سکتے ہیں۔جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالرز لینتھ پر توجہ مرکوز رکھیں گے تاکہ کیوی بیٹرسکو غلطیاں کرنے پر مجبور کر سکیں۔ بلیک کیپس کا انحصار اسٹرائیک روٹیٹ کرنے اور دباؤ کے لمحات میں اپنے اعصاب پر قابو رکھنے پر ہوگا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف نیوزی لینڈ پہلی کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ قبل ازیں ٹی 20 ورلڈ کپ 2007 (کوارٹر فائنل) میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ 2009 میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 1 رن سے ہرایا۔ 2010 میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دی۔ 2014 میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 2 رنز سے ہرایا۔ ورلڈکپ 2026 (گروپ مرحلہ) میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ جملہ 5 مقابلوں میں جنوبی افریقہ کو 5 مرتبہ فتح حاصل ہوئی جبکہ نیوزی لینڈ کو ایک بھی کامیابی نہیں ملی اور کل یہاں تاریخ بدلنے کیلئے کوشاں ہوگی۔