افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان

   

ممبئی، 3 دسمبر (آئی اے این ایس) ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئندہ ٹی 20 سیریزکے لیے ہندوستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سینئر آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی واپسی جبکہ شبمن گل بھی ٹیم میں شامل ہیں، تاہم ان کی شمولیت بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلنس سے فٹنس کلیئرنس پر منحصر ہے۔ شبمن گل کو کولکتہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹسٹ میں گردن کی چوٹ لگی تھی، جس کی وجہ سے وہ ٹسٹ اور ونڈے سیریز سے باہر ہو ئے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز9 دسمبر کو کٹک میں شروع ہوگی، دوسرے میچ کے لیے ٹیم چندی گڑھ جائے گی جہاں11 دسمبر کو دوسرا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ اسی میچ کے دوران پنجاب کرکٹ اسوسی ایشن نے ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور اور سابق آل راؤنڈر یووراج سنگھ کے اعزاز میں دو نئے اسٹینڈز بھی قائم کیے جائیں گے۔تیسرا میچ ڈھرمشالہ کے ایچ پی سی اے اسٹڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھا میچ اکانہ اسٹڈیم، لکھنؤ میں ہوگا۔ جنوبی افریقہ کا دورہ ہندوستان 19 دسمبر کو دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم نریندر مودی اسٹڈیم، احمد آبادمیں ختم ہوگا۔معلنہ ہندوستانی ٹیم : سوریاکمار یادو (کپتان)، شبمن گل (وائس کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے، اکشر پٹیل، جتیش شرما (وکٹ کیپر)، سنجو سمسن (وکٹ کیپر)، جسپریت بمرا، ورون چکرورتی، ارشدپ سنگھ، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا اور واشنگٹن سندر۔

آئرلینڈ ۔ اٹلی
ٹی 20 سیریز کا اعلان
نئی دہلی،3 دسمبر (آئی اے این ایس)کرکٹ آئرلینڈ اور اٹالین کرکٹ فیڈریشن نے جنوری 2026 میں دبئی میں تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے انعقاد کی تصدیق کی ہے، جو دونوں ٹیموں کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگی۔آئرلینڈ اور اٹلی اس سے قبل صرف ایک بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آمنے سامنے آئے تھے، جہاں 2023 میں ایڈنبرا میں آئرلینڈ نے سات رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔آئرلینڈ دبئی میں تیاریوں کے بعد سری لنکا روانہ ہوگا، جہاں وہ گروپ بی میں آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔