افطار پارٹیاں، ہندو مسلم بھائی چارگی کا پیغام

   

نرمل میں سید جلیل ازہر کی دعوت کے موقع پر ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر راجندر کا تاثر
نرمل 28 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جہاں عبادت و ریاضت کا مہینہ ہے وہیں یہ دعوت افطار کے ذریعہ انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب یعنی ہندو مسلم اتحاد اور مشترکہ ثقافت کا سب سے خوبصورت نظارہ اکثر افطار پارٹی کے دستر خوان پر نظر آتا ہے جہاں رنگ نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر لوگ ایک ساتھ افطار کرتے ہیں۔ اس لئے کہ افطار پارٹیاں گنگا جمنی تہذیب، محبت اور بھائی چارہ کا حسین سنگم ہے۔ ان خیالات کا اظہار نرمل ضلع کے ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر راجندر نے سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست کی رہائش گاہ پر افطار پارٹی میں شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ ایسی دعوتوں سے ہندو مسلم اتحاد کو فروغ ملتا ہے۔ آج کے دور میں جب دنیا نفرت اور اختلافات کا شکار ہے، گنگا جمنی تہذیب کی اہمیت بھی ان افطار پارٹیوں سے بڑھتی ہے۔ افطار کی محفلیں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ہم سب ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہماری مشترکہ تہذیب ہی ہماری طاقت ہے۔ مختصر یہ کہ افطار پارٹیاں گنگا جمنی تہذیب کا سنگم ہندوستان کی سیکولر ثقافت کا ایک لازوال حصہ ہے۔ یہ محفلیں صرف افطار نہیں کرتیں بلکہ محبت، رواداری اور بھائی چارہ کا ایک ایسا پیغام دیتی ہیں جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ جلیل ازہر کی جانب سے ہر سال سیاسی، سماجی قائدین اور تاجرین کو وقفہ وقفہ سے ماہ رمضان میں افطار پارٹی دی جاتی ہے جس میں نرمل کے نامور ڈاکٹرس کو بھی افطار پارٹی دی جاتی ہے۔ آج کی اس افطار پارٹی میں ڈاکٹر راجندر DMHO کی شادی کی سالگرہ کا دن تھا، اس کے باوجود انھوں نے اپنی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے شرکت کی جبکہ گزشتہ چند ماہ قبل نرمل کے معروف سرجن ڈاکٹر یو رام کرشنا کو IMA میں بلامقابلہ اہم عہدہ پر منتخب کیا گیا تھا۔ اس تناظر میں جلیل ازہر نے ڈاکٹر راجندر کے علاوہ ڈاکٹر یو رام کرشنا کو شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر نرمل کے ممتاز و معروف چلڈرنس اسپیشلسٹ ڈاکٹر اے چکرادھری، ڈاکٹر رام چندرا ریڈی، ڈاکٹر پی سنتوش، ڈاکٹر امریش، ڈاکٹر مکیش ایم ڈی کے علاوہ نومنتخب رکن بلدیہ مسٹر محمد راحیل، محمد عظیم سوشل ورکر بھی موجود تھے۔