دبئی : اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈٰی پی کا کہنا ہے کہ افغان کاروباری خواتین 16 مارچ کو اقوام متحدہ کے تعاون سے دبئی میں 3 روزہ نمائش کا انعقاد کریں گی۔ دبئی کا بین الاقوامی تجارتی میلہ 16 سے 18 مارچ تک منعقد ہو گا۔ افغان خواتین اس دوران اپنی کارباری صلاحیتوں ، ہنر اور افغان فن و ثقافت کا مظاہرہ کریں گی۔ افغانستان کے لیے ،اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ،سفیر طارق علی بخت جمعرات کو قندھار پہنچے اور انہوں نے طالبان کے وزیر خارجہ امیر متقی، صوبائی ڈپٹی گورنر حیات اللہ مبارک اور کئی دیگر سینئر حکام سے ملاقات کی۔ او آئی سی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میٹنگ کے دوران، انہوں نے افغانستان کی حمایت کے لیے تنظیم کے پیغام اور افغان طالبان حکام کی طرف سے لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کے کام کے حوالے سے کیے گئے حالیہ اقدامات پر نظرثانی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔