کوئی نقصان نہیں، دہلی اور راجستھان میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے
نئی دہلی: افغانستان میں جمعرات کو 5.7 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس کے جھٹکے ہندوستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ دہلی اور راجستھان کے کچھ علاقوں میں زلزلے نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا۔ قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق جمعرات کی صبح 11 بج کر 26 منٹ پر 5.7 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا جوکابل سے 277 کلومیٹر شمال مشرق میں 255 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔افغانستان میں آج صبح آنے والے زلزلے کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کئے گئے۔ جموں و کشمیر اور پاکستان کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کے اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور گردونواح میں بھی زمین لرز گئی۔ پاکستان میں زلزلے کی شدت 5.4 بتائی گئی ہے۔ پاکستان کے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زمین ہلتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکلنے لگے۔ تاہم ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پاکستان اور ہندوستان کے پڑوسی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد عوام میں خوف کا ماحول دیکھا گیا ۔