افغانستان سے متعلق تحقیقات: عالمی عدالت کے پراسیکیوٹر کا امریکہ کو خارج کرنے کا دفاع

   

واشنگٹن : بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے امریکہ کو افغانستان کے حوالے سے تحقیقات سے خارج کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان اور شدت پسند داعش کی طرف سے ’بدترین جرائم‘ کیے گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق دائیں بازو کے گروپوں نے ستمبر میں کریم خان کے امریکی افواج کے خلاف تحقیقات سے قبل افغانستان کے نئے حکمرانوں اور داعش خراسان کے خلاف تحقیقات پر توجہ مرکوز کرنے کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔دی ہیگ میں آئی سی سی ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کریم خان نے کہا کہ ’میں نے ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے کہ شدت، پیمانے اور حد کے لحاظ سے طالبان اور داعش کی جانب سے بدترین جرائم کیے گئے‘۔برطانوی پراسیکیوٹر نے کہا کہ ’میں طالبان اور داعش کے خلاف تحقیقات کو ترجیح دوں گا اور میں نے ججوں سے ان تحقیقات کی اجازت مانگی ہے‘۔امریکی جرائم کے بارے میں آئی سی سی کی افغان تحقیقات نے واشنگٹن کو مشتعل کیا تھا اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو کریم خان کے پیش رو فاتو بینسوڈا پر پابندیاں عائد کرنے پر اکسایا تھا۔