افغانستان میں بم دھماکے، 30 افراد ہلاک

   

پل علم ۔ افغانستان کے صوبہ لوگر کے دارالحکومت پل علم میں جمعہ کے روز کار بم دھماکے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک کار میں سوار ایک خودکش حملہ آور نے اس وقت بم دھماکہ کردیا جب لوگ شام کے ساڑھے چھ بجے روزہ کھول رہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق اس دھماکے سے 30 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تقریباََ 70 افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ اس حملے کی فی الحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ صوبائی اسپتال کی عمارت اور ایمبولینس تباہ ہو گئی ۔ کئی طبی اہلکار بھی متاثر ہوئے ہیں ۔ زخمیوں کی امداد کے لئے پرائیوٹ اسپتالوں اور اسپتال کے اضلاع سے ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں ۔ وزارت صحت کے ترجمان نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کابل سے 12 سے زیادہ ایمبولینس کو فوری طور پر پل علم کے لئے روانہ کیا گیا ہے ۔ دھماکے کے بعد بجلی کے کھمبے گرنے سے علاقے میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے ۔