واشنگٹن : وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پاکستان کو غیر محفوظ بنا رہے ہیں،امریکہ پاکستان کو کسی بھی غیر ملکی یا علاقائی نظر سے دیکھنے کی بجائے آزادانہ طور پر دیکھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کے معروف تھنک ٹینک کارنیگی انڈوومنٹ فار انٹرنیشنل پیس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طارق فاطمی نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تاریخی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے اقتصادی تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا منفرد مقام و حیثیت کے حامل پاکستان کو کسی بھی غیر ملکی یا علاقائی عدسے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ امریکہ تعلیم، صحت اور اقتصادی ترقی میں معاونت کرے تاکہ دوطرفہ تعاون کو باہمی مفاد کی طویل المدتی شراکت داری میں تبدیل کیا جاسکے۔طارق فاطمی نے 24 کروڑ آبادی پر مشتمل پاکستان کی تذویراتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زوردیا کہ امریکہ پاکستان کو کسی بھی غیر ملکی یا علاقائی عدسے سے دیکھنے کے بجائے آزادانہ طور پر دیکھے۔