ایرانی وزیر خارجہ اور سعودی نمائندے کی متوقع آمد۔ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کا امکان
حیدرآباد۔14ستمبر(سیاست نیوز) افغانستان کی تبدیلیوں اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہندستانی دارالحکومت میں عالمی قائدین اور عہدیداروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور جاریہ ہفتہ یا آئندہ ہفتہ کے اوائل میں سعودی عرب کے نمائندہ پرنس فیصل بن فرحان آل سعود کا دورۂ ہند متوقع ہے۔گذشتہ دنوں سرکاری ذرائع نے توثیق کی کہ ایران کے وزیر خارجہ ہندستان کا دورہ کرنے والے ہیں اور اب سعودی شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود بھی ہندستان پہنچنے والے ہیں۔ ایران ‘ ہندستان اور سعودی عرب افغانستان میں طالبان کے اقتدار کے سلسلہ میں اب تک جو موقف اختیار کئے ہوئے ہیں ان کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ان ممالک کی طالبان کے متعلق پالیسی تقریبا یکساں ہے اور یہ ممالک دہشت گردی میں اضافہ کے مخالف ہیں۔ قطر میں ہندستانی وزارت خارجہ کے عہدیدارو ں کی طالبان کے متعلق مذاکرات اور متحدہ عرب امارات کے خصوصی قاصد کی موجودگی میں طالبان کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد ہندستان میں افغانستان کے متعلق سرگرمیوں کے دوران ہندستان میں امریکی سیکیوریٹی چیف اور روسی انٹلیجنس سربراہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے علاوہ یوروپی ممالک کے ساتھ مذاکرات اور آسٹریلیاء کے ساتھ بات چیت اپنی جگہ ہے لیکن سعودی شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی ہندستان آمد اور طالبان کے علاوہ دیگر امور بالخصوص تجارتی و سرمایہ کاری پر بات چیت اہمیت کی حامل ہے۔ گذشتہ برسوں میں ہند۔ سعودی تعلقات میں استحکام آیا ہے اور سعودی عرب اور ہندستان طالبان کے معاملہ میں یکساں موقف کے حامل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہاہے ۔M