واشنگٹن۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغان مفاہمتی عمل کے امریکہ کے خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد افغان امن عمل میں پیشرفت کے لیے یوروپ اور ایشیا کے 7ممالک کا دورہ کریں گے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد 25مارچ سے 10اپریل کے دوران افغانستان اور پاکستان سمیت برطانیہ، بیلجیئم، ازبکستان، اردن اور قطر بھی جائیں گے ۔ وہ اپنے کثیر الملکی دورے میں افغان امن سے متعلق عالمی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔زلمے خلیل زاد کی طالبان سے اگلی ملاقات کے متعلق ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے گزشتہ ہفتہ چین، روس اور یوروپی یونین کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی تھی۔