نیویارک: اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کو افغان طالبان کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ رپورٹ اسلام آباد کے اس دعوے کی تصدیق کرتی ہے کہ انہیں پاکستان میں حملوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدت پسند گروپوں کا اتحاد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) افغانستان میں اب سب سے بڑا دہشت گرد گروپ ہے اور سرحد پار سے پاکستان میں حملے کرنے کیلئے اسے افغانستان کے طالبان حکمرانوں کی تائید و حمایت بھی حاصل ہے۔رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کو اب القاعدہ جیسے دہشت گرد نیٹ ورک سے بھی آپریشنل اور لاجیسٹک مدد مل رہی حاصل ہے۔
اقوام متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم نے اس حوالے سے چہارشنبہ کے روز اپنی جائزہ رپورٹ ایک ایسے وقت جاری کی، جب ٹی ٹی پی کی طرف سے پاکستانی سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے اور حالیہ ہفتوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔دہشت گرد گروپ داعش، القاعدہ اور طالبان کو مانیٹر کرنے والی اقوام متحدہ کی ٹیم نے اپنی 15ویں رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کی ہے۔