آئرلینڈ کیخلاف حضرت اللہ کے 16 چھکوں کیساتھ 162 رنز
دہرادون۔24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) تین میچس T20 ونڈے سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان کے کھلاڑی حضرت اللہ زازئی نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ رن بنائے۔ ان کے کھیل کی سب سے بڑی خصوصیت وہ پہلے کھلاڑی ہیں جو 16 چھکے لگاکر اپنی ٹیم کے اسکور کو 278 تک پہنچادیا جو بین الاقوامی کرکٹ T20 کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل بڑا اسکور 263 رنز تھا جو آسٹریلیا نے ستمبر 2016ء میں سری لنکا کے خلاف پاللکیلے کے مقام پر بنایا تھا۔ مذکورہ میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو جیت کیلئے 279 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 194 رنز بناسکی۔ حضرت اللہ کا اس میچ میں انفرادی اسکور 162 رنز اور راشد خاں نے 25 رنز دے کر آئرلینڈ کے 4 وکٹس حاصل کئے۔ حضرت اللہ اور عثمان غنی کی شروعات پارٹنرشپ 236 رنز تھی اور اس طرح افغانستان نے تین وکٹس کھوکر 278 رنز بنائے۔ اس سے قبل تاریخ میں T20 کرکٹ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ IPL میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز اور ویراٹ کوہلی نے بنایا تھا جو 2016ء میں گجرات لائینز کے خلاف قائم کیا تھا۔