آخری چار اوورس میں پیس بولرس بومرا اور سمیع نے 224/8 کا دفاع کرکے لاج رکھ لی
ساؤتھمپٹن (برطانیہ) ، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) محمد سمیع کی آخری اوور میں ہیٹ ٹرک نے ہندوستان کو بڑی ہزیمت سے بچالیا جبکہ وہ افغانستان کو آج یہاں 11 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ سیمی فائنلس کے مزید قریب پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، جس میں شاندار ’ڈیتھ بولنگ‘ نے ناقابل توضیح بیٹنگ مظاہرے کی پابجائی کردی۔ اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے سمیع (9.5-1-40-4) نے نہ صرف آخری اوور میں 16 رنز کا دفاع کیا بلکہ ٹیم انڈیا کیلئے بڑے خطرہ محمد نبی (52)، آفتاب عالم (0) اور مجیب الرحمن (0) کو متواتر گیندوں پر آؤٹ کرتے ہوئے کارنامہ مکمل کیا۔ افغانستان قابل رسائی 225 کے ٹارگٹ کے تعاقب میں 213 پر آل آؤٹ ہوگئے۔ 47 ویں اوور سے جسپریت بومبرا (10 اوورس میں 2/39) اور سمیع نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے افغان بیٹسمنوں کو کھل کر رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔ 49 ویں اوور میں بومرا نے صرف 5 رنز دیئے۔ شاید اسی پر ججس نے سمیع کے بجائے اُن کو میچ ایوارڈ دیا۔ (ابتدائی خبر اندرونی صفحہ پر)