تہران :افغانستان نے ایران اور چین کے ساتھ تجارتی راہداریاں بنانے کا اعلان کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور افغانستان کے درمیان مہاجرین اور پانی کے حقوق جیسے مسائل پر تعطل کے درمیان طالبان کا 30 رکنی اقتصادی وفد ہفتہ کے روز تہران پہنچا۔افغان وفد کی قیادت افغانستان کے پہلے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور اور ملا عمر کے ساتھ طالبان کے شریک بانی عبدالغنی برادر نے کی۔رپورٹس کے مطابق 30 طالبان عہدیداروں پر مشتمل وفد ایرانی حکام سے تجارت، ٹرانزٹ، ٹرانسپورٹیشن، انفراسٹرکچر اور ریلوے کے علاوہ علاقائی ترقی اور ایران میں افغان مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے معاملے پر بات چیت کرے گا۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ تہران میں چابہار کے ذریعے افغانستان کی برآمدات اور درآمدات میں اضافے اور برآمدات اور درآمدات کی سہولت فراہم کرنے پر بات چیت ہوئی ہے، امید ہے بہت جلد تجارت شروع ہوجائے گی۔