علی گڑھ ۔ /3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر طارق منصور نے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں ۔ انہوں نے افواہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا جو کیمپس کے پرامن ماحول کو پراگندہ کررہے ہیں ۔ وائس چانسلر کا یہ بیان اس وقت اخباروں میں آیا جب اس یونیورسٹی کے چار طلباء کو دو دن قبل پولیس نے مبینہ طور پر بے چینی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا اور اس کے نتیجے میں ریاپڈ ایکشن فورس کو احتیاطاً کیمپس میں داخلے کے تمام مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے ۔