گیاس و ایندھن کی فراہمی پر کلکٹر کی یقین دہانی، غیر قانونی ذخیرہ کے خلاف کارروائی کا انتباہ
میدک 28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میدک میں گیس سلنڈروں، پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوئی قلت نہیں ہے۔ ضلع کلکٹر محترمہ پرتِما سنگھ نے واضح کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری معلومات پر بھروسہ کریں۔ جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ایل پی جی گیس کی فراہمی وافر مقدار میں جاری ہے اور روزانہ اوسطاً 3000 سلنڈروں کی بکنگ ہو رہی ہے، جن کی 100 فیصد ڈیلیوری دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ گیس گوداموں میں تقریباً 3500 سلنڈر موجود ہیں جبکہ مزید 6500 سلنڈر بھی لائے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں 87 پٹرول پمپس اور 16 ایل پی جی گیس ایجنسیاں معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ روزانہ 90 کلو لیٹر پٹرول اور 110 کلو لیٹر ڈیزل کی ضرورت کے مقابلے میں اس وقت 550 کلو لیٹر پٹرول اور 644 کلو لیٹر ڈیزل وافر مقدار میں دستیاب ہے۔کلکٹر نے کہا کہ بعض پٹرول پمپس پر نظر آنے والی قطاریں صرف افواہوں کے باعث ہیں، کیونکہ عوام ضرورت سے زیادہ ایندھن خرید رہے ہیں۔ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لئے سیول سپلائیز، ریونیو، لیگل میٹرولوجی اور پولیس محکمہ کی مشترکہ ٹیمیں مسلسل معائنہ کر رہی ہیں۔ اس دوران میدک شہر کی مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں چھاپے مار کر گھریلو استعمال کے 14.2 کلوگرام والے ایل پی جی سلنڈروں کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہوئے پایا گیا جس پر 134 سلنڈر ضبط کئے گئے اور 83 افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ٹول فری نمبر 9391942254 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔