اقامتی اسکول دگوال میں سہولتوں کا فقدان

   

صفائی کا ناقص انتظام، تحصیلدار کے دورہ کے موقع پر سرپرستوں کا احتجاج

کوہیر۔/14 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل تحصیلدار بالا شنکر نے موضع دگوال میں واقع سوشل ویلفیر اسکول و کالج کا معائنہ کیا اور اس موقع پر طلباء کے والدین اور سرپرستوں سے ہاسٹل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ سرپرستوں نے تحصیلدار کو بتایا کہ اس ہاسٹل میں بچوں کیلئے بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے، طلباء کو رات میں فرش پر سونے سے سردی کے موسم میں اعضاء شکنی ، بخار اور زکام و نزلہ وغیرہ کی شکایت عام ہوگئی ہے۔ بیت الخلاء وغیرہ میں بھی صفائی کا انتظام نہیں ہے۔ ہاسٹل جنگل میں ہونے سے رات کے اوقات میں سردی میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ والدین و سرپرستوں نے تحصیلدار کے سامنے ہاسٹل کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر طلباء کی جانب سے چند طلباء کو تعلیمی مظاہر کیلئے حکومت کی کارکردگی پر بات کرنے کا عنوان دیا گیا تھا لیکن طلباء کچھ خاص مظاہرہ نہیں کرسکے، تلگو اور انگلش زبان میں تقریر نہیں کرسکے جس کی وجہ سے تحصیلدار نے کالج لیکچرر اور اساتذہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور دوبارہ کالج کے دورہ تک تمام حالات کو درست کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر پرنسپل راملو نے بتایا کہ اس ہاسٹل میں جملہ 504 طلباء زیر تعلیم ہیں، طلباء کو اطمینان بخش غذائیں دی جارہی ہیں۔ تحصیلدار بالا شنکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر منڈل میں 4 ہاسٹلس ہیں جس میں اقلیتی اقامتی اسکول اور کالج کے علاوہ ایس سی، بی سی ، ایس ٹی سی وغیرہ موجود ہیں جس کی نگرانی رات دن رکھی جارہی ہے۔ ہاسٹلوں میں بھی کوئی شکایت ہو تو سیدھے ان سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ اس موقع پر اساتذہ اور لکچرر موجود تھے۔