حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) نائب صدر نشین اور صدر تلنگانہ اقامتی اسکول سوسائٹی اے کے خاں نے جمخانہ گراؤنڈ سکندرآباد پر اقامتی اسکول سوسائٹی کے طلبہ کیلئے اسپورٹس مقابلوں’’ اسپلاش 2019 سمر کیمپ‘‘ کا افتتاح کیا۔ اس کیمپ میں 23 مختلف کھیلوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کا اضافہ کیا گیا۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ 1200 طلبہ اس کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں جن کا تعلق 204 اقامتی اسکولوں سے ہے۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کے کوچس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ یہ کیمپ 26 اپریل تک شہر کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قابل اور اُبھرتے طلبہ کو مختلف کھیلوں میں کوچنگ دی جائے گی تاکہ وہ اسکول، ضلع اور ریاستی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے سوسائٹی کا نام روشن کرسکیں۔
