کرائے کے بقایاجات کیلئے حکومت سے رجوع ہوں، بی آر ایس قائدین پر سخت تنقید
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کے مالکین کی جانب سے کرایہ کے بقایاجات کے مسئلہ پر عمارت کو مقفل کرنے کے واقعات کا حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اقامتی اسکولوں کی گیٹ کو مقفل کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔ وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے عمارتوں کے مالکین کو تیقن دیا کہ حکومت بقایاجات کے ساتھ کرائے ادا کرے گی لیکن عمارتوں کو مقفل کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ بعض اضلاع میں اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کے مالکین نے کرائے کے بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے گیٹس کومقفل کردیا تھا۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگیا۔ وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پورنم پربھاکر نے عمارتوں کے مالکین کو مشورہ دیا کہ وہ بقایاجات کے لیے حکومت سے رجوع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے اس مسئلہ پر بات ہوچکی ہے اور جلد کرایہ بقایاجات کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ میں 70 فیصد اقامتی اسکولس خانگی عمارتوں میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین پر سخت تنقید کی اور کہا کہ کے ٹی آر، ہریش رائو اور دیگر قائدین اقامتی اسکولوں کے بقایاجات پر ٹویٹ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو ٹویٹ کرنے کے لیے شرم آنی چاہئے کیوں کہ بقایاجات بی آر ایس دورِ حکومت کے ہیں۔ بی آر ایس نے اپنے دور میں ہر ضلع میں پارٹی دفتر کی عالی شان عمارتیں تعمیر کیں لیکن اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں پر توجہ نہیں دی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ وہ عمارتوں کے مالکین سے اپیل کرتے ہیں کہ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد تعلیم کے آغاز میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ بقایاجات کی ادائیگی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بقایاجات کے نام پر طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اگر عمارتوں کے مالکین چاہیں تو وہ چیف منسٹر سے ملاقات کا اہتمام کریں گے۔ پونم پربھاکر نے واضح کردیا کہ تعلیم کے آغاز میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت غریب خاندانوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکس کی تعمیر کا آغاز کرچکی ہے۔ ذاتی عمارتوں کی تکمیل کے بعد کرائے کے عمارتوں کا تخلیہ کردیا جائے گا۔ 1