اقامتی اسکولوں کے 4 ماہ کے کرائے کی اجرائی حکومت سے محمد فہیم قریشی کا اظہار تشکر

   

حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے نائب صدرنشین محمد فہیم الدین قریشی نے حکومت کی جانب سے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کا چار ماہ کا کرایہ جاری کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ حکومت نے عمارتوں کے مالکین کو چار ماہ کے بقایا جات جاری کردیئے ہیں۔ فہیم قریشی نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت سے خانگی عمارتوں کے کرایہ جات باقی ہیں اور مالکین کی جانب سے حکومت پر مسلسل دبائو بنایا جارہا ہے۔ حکومت نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت حکومت نے تشکیل حکومت کے ساتھ ہی مارچ اور اپریل 2024ء کا کرایہ جاری کردیا تھا۔ حکومت نے اگست تا نومبر 2023ء کے بقایا جات آج جاری کردیئے جو تقریباً 28 کروڑ روپئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رقومات کی اجرائی سے عمارتوں کے مالکین کو تعمیر اور مرمتی کاموں کی انجام دہی میں مدد ملے گی اور زیر تعلیم طلبہ کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خانگی عمارتوں کے تمام بقایا جات کی اجرائی میں سنجیدہ ہے۔ محمد فہیم الدین قریشی نے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کے مالکین کے صبر و تحمل کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ اقلیتی اقامتی اسکولس کی موثر کارکردگی میں عمارتوں کے مالکین تعاون کریں گے۔ 1