اقامتی جونیئر کالج کا معائنہ ،کلکٹر کا دورہ

   


پداپلی۔8ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ تندہی کے ساتھ اقامتی اداروں میں ہفت روزہ سوچھ تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ سلطانہ آباد منڈل کے گرّے پلّی موضع میں موجود سوشل ویلفیر اقامتی جونئیر کالج کا ضلع کلکٹر نے اچانک دورہ کیا۔ انٹرمیڈیٹ سال اوّل اور سال دوّم میں زیر تعلیم طالبات سے ضلع کلکٹر نے اقامتی کالج میں فراہم کی جارہی سہولیات، صفائی، پینے کہ پانی سے متعلق تفصیلات دریافت کیں۔ سوچھ گروکولا پروگرام کے تحت جاری صفائی کے کاموں کو منصوبہ بند طریقہ سے انجام دینے، کالج کے اطراف و اکناف کے علاقہ کو صاف ستھرا رکھنے، طالبات کے غذا پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان کو گرم گرم معیاری کھانا فراہم کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔اقامتی جونئیر کالج میں طالبات کے رہائشی کمروں کو صاف ستھرا رکھنے، پانی کے ٹینک کو وقتًا فوقتًا صاف کرنے، طلباء کی صحت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے عہدیداروں کو چوکس رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔اس موقع پر جونئیر کالج وائس پرنسپال اشوک ریڈی، گرے پلّی سرپنچ سجاتا، پنچایت سکریٹری پرشانت، متعلقہ عہدیداران و دیگر ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔