حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی قائدین تلنگانہ میں اقتدار کیلئے جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھ رہے ہیں۔ کاماریڈی ضلع میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی کے جلسوں میں کرایہ کے لوگوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔ کانگریس کے پاس 40 اسمبلی حلقہ جات کیلئے بھی امیدوار دستیاب نہیں ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں گمراہ کن پروپگنڈہ اور الزام تراشی کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہیں۔ کانگریس اور تلگودیشم دور حکومت میں پانی کے حصول کیلئے عوام میں لڑائیاں عام تھیں۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں جہاں ڈبل انجن سرکار ہے وہاں پانی کا بحران برقرار ہے۔ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت نے پانی اور برقی کے بحران کو حل کرلیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آفات سماوی سے زیادہ نقصان دہ ہیں۔ کانگریس کا اقتدار آنے پر غریبوں کو پنشن اور کسانوں کیلئے رعیتو بندھو اسکیم ختم ہوجائے گی۔ر