اقتدار کیلئے کے سی آر نے عبادت گاہوں کو منہدم کردیا ، توہم پرستی کی انتہا، ومشی چند ریڈی کا الزام

   

حیدرآباد۔سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے اقتدار کیلئے عبادت گاہوں کے انہدام جیسے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ اقتدار کیلئے کے سی آر کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور انہوں نے توہم پرستی کی انتہا کرتے ہوئے قدیم سکریٹریٹ کے احاطہ میں تین عبادت گاہوں کو منہدم کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ومشی چند ریڈی نے کہا کہ سابق میں کبھی اس طرح کی آمرانہ حکومت نہیں دیکھی گئی اور کے سی آر حکومت عوام کیلئے کسی ڈکٹیٹر شپ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس میں ہزاروں کروڑ کی دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ومشی چند ریڈی نے کہا کہ جس طرح کرناٹک میں سابق وزیر گالی جناردھن ریڈی کا حشر ہوا کے سی آر کا حشر بھی اسی طرح ہوگا اور وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ آبپاشی پراجکٹس میں کنٹراکٹرس سے بھاری کمیشن حاصل کرنے کیلئے ری ڈیزائننگ کے نام پر ہزاروں کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ جب بھی ان معاملات کی جانچ ہوگی کے سی آر جیل جائیں گے۔