اقتدار کے غلط استعمال کی وجہ عوام سیاستدانوں سے نالاں

   

قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے طلبہ کو مشورہ ، گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں پروفیسر افروز عالم کا خطاب

ظہیرآباد ۔ سیاست ایک ایسا طرز فکر ہے جس سے کسی ملک و قوم کی زندگی کے تمام شعبوں میں فلاح و بہبود مقصود ہو ۔ سیاست سے عالمی امن قائم کیا جائے تاہم موجودہ دور میں لوگوں کے ذہنوں میں سیاست کا مقصد اقتدار کا غلط استعمال ، لوگوں کو پریشان کرنا اور اپنے مفادات کا حصول رہ گیا ہے ۔ اس لئے عام انسان سیاست اور سیاست دانوں سے نالاں ہے ۔ اچھا علم وہی ہے جو انسان کو نظریہ سازی کی طرف راغب کرے ۔ نوجوان طالب علموں کو چاہئے کہ وہ دوران تعلیم ہی اپنے نظریات قائم کریں اور اپنے اندر قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر افروز عالم ماہر سیاسیات و صدر شعبہ سیاست مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام منعقدہ توسیعی لیکچر سے کیا۔ انہوں نے علم سیاست کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے کہاکہ زمانہ قدیم سے اقتدار اور طاقت کا تعلق سیاست سے رہا ہے ۔ مملکت کی فلاح و بہبود امن و امان کے قیام کیلئے سیاست ہو لیکن طاقت و اقتدار کا استعمال کرتے ہوئے موجودہ دور میں شہریوں کا استحصال کیا جارہا ہے ۔ اس طرز فکر کو بدلنے کیلئے نوجوانوں کو آگے آنے اور قائدانہ رول ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ سیاسیات ڈاکٹر محمد غوث اور طلباء و طابلات نے پروفیسر افروز عالم کا خیرمقدم کیا ۔ اس توسیعی لیکچرکے اہتمام میں اردو یونیورسٹی کے اسکالرز سیف اور سہیل نے تعاون کیا ۔ کالج کے پرنسپل شعبہ سیاسیات اور طلباء و طالبات کی جانب سے پرورفیسر افروز عالم کو تہنیت پیش کی گئی ۔