تمام طبقات کی ترقی کیلئے کے سی آر حکومتسنجیدہ : کے ایشور
حیدرآباد۔16 ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے علاوہ دیگر طبقات کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے اور کمزور طبقات کیلئے مختص کئے جانے والے بجٹ کے مکمل خرچ کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کے ایشور ریاستی وزیر اقلیتی بہبود نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی اور کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر 3ہزار 994 کروڑ روپئے خرچ کر رہی ہے اور فوری طور پر اس میں کوئی اضافہ کا منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے ایس سی ایس ٹی سب پلان میں موجود بجٹ کی مصرف میں تبدیلی لائے جانے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ کے مؤثر استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کمزور اور پسماندہ طبقات کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پسماندہ اور درج فہرست طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور چیف منسٹر ریاست کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایس سی ایس ٹی سب پلان پر مؤثر عمل آوری کا کے لئے آبادی کے تناسب کے اعتبار سے بجٹ کی تخصیص کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست کے تمام طبقات کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جائے۔مسٹر کے ایشور نے مطالبات زر پر جاری مباحث کے دوران محکمہ بہبود کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات پر بجٹ کی تخصیص کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان اسکیمات کے ذریعہ مختلف طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ریاست کے تمام طبقات حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ریاستی وزیر نے دعوی کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مختص کردہ بجٹ کے مکمل استعمال کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اور جاریہ مالی سال کے دوران تمام محکمہ جات کے بہبود کیلئے مختص بجٹ کے استعمال کے سلسلہ میں تیار کردہ حکمت عملی جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے کہ وہ اسکیمات پر عمل آوری جاری رکھیں اور بجٹ کا مکمل استعمال کریں۔