ضلعی عہدیدار اقلیتی اسکیمات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں۔ قومی میناریٹی کمیشن ممبر سیدہ شہزادی کا خطاب
محبوب نگر ۔ اقلیتی طبقہ کی مناسب ترقی کے لئے وزیر اعظم 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری ناگزیر ہے۔ یہ ہدایت قومی مائناریٹی کمیشن کی ممبر سیدہ شہزادی نے آج محبوب نگر کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر ریونیو میٹنگ ہال محبوب نگر میں 15 نکاتی پروگرام پر منعقدہ جائزہ اجلاس میں دی۔ انہوں نے سخت لب و لہجہ میں ضلع عہدیداروں کو پابند کیا کہ مرکز و ریاست کی اقلیتی اسکیمات کے تعلق سے بڑے پیمانے پر شعور بیدار کریں اور اقلیتوں کو صد فیصد استفادہ کا موقع فراہم کریں۔ اس کے لئے کتابچہ بھی شائع کریں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع ریونیو عہدیدار ضلع میں موجود وقف اراضی کا پھر سے سروے کروائیں۔ اور ضلع کی وقف جائیدادوں سے جو آمدنی حاصل ہوتی ہے اس کو ضلع کی اقلیتوں کی ترقی کے لئے ہی استعمال کیا جائے جس کے لئے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کیا جائے۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجس میں طلباء کو معیاری تعلیم اور بہترین غذا کی فراہمی کی ہدایت دی۔ مہینہ میں ایک مرتبہ شی ٹیمس خاتون عہدیداروں کے ساتھ اقامتی اسکولس کا دورہ کرکے طالبات کو درپیش مسائل کا جائزہ لیں۔ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ اقلیتی طلباء کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات اور اس تعلق سے موثر شعور بیداری مہم چلائیں۔ ’’کھیلو انڈیا‘‘ اسکیم کے تحت وزیر اعظم پندرہ نکاتی پروگرام کے ذریعہ منظور شدہ فنڈس سے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشاندہی کریں۔ ضلع عہدیدار وقف کمیٹی کے ذمہ دارا اور مساجد کمیٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور مسائل حل کریں۔ محترمہ نے دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹرس تیجس نندلال پوار، سیتاراما راؤ، ضلع مائناریٹی ویلفیر آفیسر شنکر آچاریہ، ایڈیشنل ایس پی راملو، آ ڈی او انیل، ضلع وقف پروٹکشن کمیٹی کے ممبران انور پاشاہ، نجم النساء بیگم، جاوید علی ایڈوکیٹ اور 15 نکاتی پروگرام کمیٹی کے ممبران زرینہ سلطانہ، یوسف بن ناصر، ضلع پریشد کوآپشن ممبر علا الدین کے علاوہ ضلع عہدیداران موجود تھے۔ محترمہ نے بعد ازاں ریونیو میٹنگ ہال میں اقلیتی مسائل و شکایات پر مشتمل درخواستیں وصول کیں۔