اقلیتی اقامتی اسکول سدی پیٹ میں سمیت غذا معاملہ

   

انتظامیہ کی لاپرواہی کا ڈی آر ڈی او کو اعتراف ، خاطیوں کیخلاف کارروائی کا تیقن

سدی پیٹ : سدی پیٹ کے اقلیتی اقامتی ادارہ برائے طالبات کو بدہضمی فوڈ پائزن کی شکایت اور دست و قئے کی بناء پر زائد از 20 طالبات کو سرکاری مقامی ائریا دواخانہ میں شریک کروایا گیا۔ ماباقی طالبات کو اسکول ہذا میں ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اولیاء طلباء و سرپرستوں نے واقعہ کی اطلاع پاکر اسکول و دواخانہ میں خوف و ہراس کے عالم میں پہنچے۔ ڈی آر ڈی او اقلیتی بہبود انچارج وینو گوپال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی لاپرواہی سے یہ سانحہ پیش آیا ۔ انہوں نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف ضروری کاروائی کرنے کا تیقن دیا۔ حکومتی زیر انتظام ریاستی سطح پر چلائے جانیوالے مدارس میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے لاپرواہی قابل مذمت مانی جارہی ہے۔ فی الوقت طالبات کو چند دنوں کیلئے رخصت دیدی گئی ہے۔واضح رہے کہ سابق میں گورنمنٹ ناصر پورہ ہائی اسکول اردو میڈیم کے قریب میں واقع میونسپل واٹر سپلائی سے نکلی ہوئی زہریلی گیس سے کئی طلباء و طالبات بیمار ہوچکے اور اس زہریلی گیس کے مضر اثرات کئی عرصوں تک طالبات میں ظاہر ہوتے رہے کیونکہ اقلیتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا ہے۔