اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس میں داخلوں کیلئے موبائیل اپلکیشن متعارف

   

داخلوں میں شفافیت اور آسانی، سکریٹری بی شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے اسکولوں اور جونیر کالجس میں داخلوں کے عمل کوآسان اور شفاف بنانے کیلئے سوسائٹی نے موبائیل اپلیکیشن متعارف کیا ہے جس کا مقصد کوویڈ کے پیش نظر طلبہ اور اولیائے طلبہ کو داخلوں کیلئے اسکولوں اور کالجس میں جمع ہونے سے بچانا ہے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اس مرتبہ اسکولس اور کالجس میں داخلوں کیلئے انٹرنس ٹسٹ کے بجائے ڈرا سسٹم کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ طلبہ کو پانچویں جماعت اور انٹر فرسٹ ایر میں داخلہ کیلئے آن لائن درخواست کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چھٹویں تا نویں جماعت کی مخلوعہ نشستوں پر بھی داخلے دیئے جائیں گے۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اہل امیدوار ٹمریز ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور ٹمریز کی ویب سائیٹ کے ذریعہ بھی داخلہ فارم پُر کئے جاسکتے ہیں۔ ویب سائیٹ www.tmreis.telangana.gov.in پر درخواستوں کے آن لائن ادخال کا آغاز ہوچکا ہے۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 مئی مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اسکولوں میں ڈرا کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب ہوگا جبکہ انٹر فرسٹ ایر کیلئے جونیر کالجس میں سلیکشن کمیٹی کی نگرانی میں ڈرا کا اہتمام کیا جائے گا۔ داخلوں میں رورل آف ریزرویشن پر عمل آوری کی جائے گی۔ داخلوں کے بعد اگر نشستیں خالی رہ جاتی ہیں تو اہل امیدواروں سے دوبارہ درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ بی شفیع اللہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے بڑی تعداد میں اقامتی اسکول اور جونیر کالجس کی منظوری دی ہے جن میں ایک لاکھ سے زائد اقلیتی طلبہ معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طلبہ کیلئے اسکولس اور جونیر کالجس معیاری تعلیم کے اہم مراکز ہیں۔ اسکولس اور کالجس کے طلبہ نے بہتر مظاہرہ کے ذریعہ دیگر طلبہ کیلئے مثال قائم کی ہے۔ شفیع اللہ نے کہا کہ 204 اقامتی اسکولس اور 118 جونیر کالجس کامیابی کے ساتھ کارکردگی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اولیائے طلبہ سے اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔