اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ملک پیٹ میں سنٹر کا افتتاح، صدرنشین عبیداللہ کوتوال کی تقریر
سلائی مشینوں کیلئے کارپوریشن کو ایک لاکھ 25 ہزار درخواستوں کی وصولی
حیدرآباد ۔23۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے زیر اہتمام ٹریننگ اینڈ ایمپلائیمنٹ اسکیم کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس جیسے اہم شعبہ جات میں ٹریننگ کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ کارپوریشن کی جانب سے حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد کے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں ٹریننگ سنٹر کا آج افتتاح عمل میں آیا۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال اور مقامی رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے زیادہ تر روایتی کورسیس کی ٹریننگ دی جاتی ہے تاہم نوجوانوں کو اہم شعبہ جات میں ٹریننگ کے ذریعہ روزگار کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدرنشین کارپوریشن کے مطابق ملک پیٹ میں ایک خانگی کنسلٹنٹ سرویس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے ٹریننگ دی جائے گی اور کورس میں تقریباً 60 امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتی امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریننگ سے استفادہ کرتے ہوئے روزگار حاصل کریں۔ عبیداللہ کوتوال نے بتایا کہ خانگی ادارہ کو امیدواروں کی ٹریننگ فیس کارپوریشن کی جانب سے ادا کی جائے گی اور یہ تین ماہ کا تربیتی کورس رہے گا۔ کورس کی تکمیل کے بعد آئی ٹی کمپنیوں میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں 4 مراکز کو منظوری دی گئی ہے جو ایل بی نگر اور مہدی پٹنم کے علاقوں میں ہیں جہاں عنقریب ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ ہر ضلع میں ایک ٹریننگ سنٹر الاٹ کیا گیا ہے۔ عبیداللہ کوتوال کے مطابق کارپوریشن کو سلائی مشینوں کے سلسلہ میں ابھی تک ایک لاکھ 25 ہزار درخواستیں آن لائین وصول ہوئی ہیں۔ 31 ڈسمبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ہزار مشینوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے ، تاہم آخری تاریخ گزرنے کے بعد وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے 25 ہزار مشینوں کی تقسیم کی منظوری حاصل کریں گے ۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد الیاس احمد نے اقلیتی امیدواروں سے اپیل کی کہ حیدرآباد میں قائم کئے جانے والے ٹریننگ مراکز سے استفادہ کریں۔ 1