اقلیتی امیدواروں کیلئے آئی سیٹ کی آن لائین مفت کوچنگ

   

Ferty9 Clinic

مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کی کوشش، اے کے خاں اور ایس اے شکور نے افتتاح کیا
حیدرآباد: مسابقتی امتحانات کی تیاری میں اقلیتی امیدواروں کی رہنمائی کیلئے سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز نے ایک اہم پیشرفت کی ہے۔ آئی سیٹ میں شرکت کرنے والے اقلیتی امیدواروں کے لئے آن لائین کوچنگ کا آج آغاز عمل میں آیا ۔ گزشتہ دنوں ایمسیٹ اور نیٹ کے لئے آن لائین کوچنگ کا آغاز کیا گیا تھا اور اب یہ تیسرا مسابقتی امتحان ہے ، جس کیلئے اقلیتی طلبہ کی رہنمائی کی جارہی ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خاں نے آئی سیٹ آن لائین کوچنگ کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی امتحانات دورہ حاضر میں ایک ناقابل انکار حقیقت ہیں اور اچھی ملازمت یا معیاری کالج میں داخلہ کیلئے امتحانات میں بہتر مظاہرہ ضروری ہے۔ مسابقتی امتحانات میں اقلیتی امیدواروں کی شرکت اور کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے سی ای ڈی ایم کے ذریعہ آن لائین مفت کوچنگ قابل ستائش ہے۔ کوچنگ سے طلبہ کو مختلف ایڈمیشن کورسس میں داخلہ کیلئے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کوچنگ میں متعلقہ مضامین کے لکچرس کے علاوہ مطالعاتی مواد اور ٹسٹ پیپرس فراہم کئے جائیں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے کہا کہ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات کے ذریعہ مختلف ایڈمیشن سیکنگ کورسس کی کوچنگ دی جاتی ہے۔ کووڈ۔19 کے سبب حکومت کی ہدایات کے پیش نظر آن لائین کوچنگ کا آغاز کیا گیا ۔ پہلے مرحلہ میں ایمسٹ اور نیٹ کی کوچنگ شروع کی گئی جو جاری ہے۔ کئی طلبہ کوچنگ سے استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ کے نتیجہ میں بہتر نتائج کی امید ہے ۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ کوچنگ کیلئے ویب سائیٹ tscedm.com پر اپنے نام رجسٹر کروائیں۔ امیدواروں کو متعلقہ مضامین کے آن لائین لکچرس کے علاوہ مواد اور تمثیلی پرچہ جات فراہم کئے جائیں گے۔ اے کے خاں نے سی ای ڈی ایم کی کارکردگی کی ستائش کی اور مسابقتی امتحانات میں اقلیتی طلبہ کے بہتر نتائج کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔