اقلیتی امیدواروں کیلئے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام کی تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع

   

حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام کے تحت آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کردی ہے۔ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی تھی تاہم امیدواروں کو ایم آر اوز دفاتر سے انکم سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے تاریخ میں توسیع کے لیے نمائندگی کی تھی۔ عبداللہ پور مٹ میں خاتون تحصیلدار وجیا ریڈی کے قتل کے بعد ریاست کے تمام ایم آر اوز حکومت کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال پر ہیں جس سے ایم آر او دفاتر میں کام کاج ٹھپ ہوچکا ہے۔ ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام میں درخواست داخل کرنے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے انکم سرٹیفکیٹ کا حصول مشکل ہوگیا۔ لہٰذا تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکیم کے تحت اقلیتی امیدواروں کو ماروتی سوفیٹ ڈیزائر کار کی خریدی کے لیے کارپوریشن سے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ ماروتی موٹرس اوبین کیاب سرویس اور بینکوں کے اشتراک سے اسکیم پر عمل کیا جاتا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن نے خواہشمند امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ ویب سائٹ http://tsobmms.cgg.gov.in پر آن لائین درخواستیں داخل کریں۔ 30 نومبر کی آدھی رات کو ویب سائٹ پر درخواستوں کے ادخال کو روک دیا جائے گا۔