حکومت کو اقلیتوںکی ترقی سے دلچسپی نہیں، عزیز پاشاہ اور دوسروںکا خطاب
حیدرآباد: ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود بجٹ کی اجرائی میں ناکامی کے خلاف سی پی آئی کی جانب سے حج ہاؤز نامپلی پر دھرنا منظم کیا گیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ کی قیادت میں سی پی آئی قائدین نے کے سی آر حکومت سے اقلیتی اسکیمات کے لئے بجٹ کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ جاریہ مالیتی سال اقلیتی بہبود کے بجٹ میں حکومت نے 485.40 کروڑ کی کمی کردی ہے اور مکمل بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی اسکیمات کیلئے صرف 658 کروڑ خرچ کئے گئے جو مجموعی بجٹ کا 43.5 فیصد ہے۔ عزیز پاشاہ جو آل انڈیا تنظیم اسٹاف کے صدر ہیں ، احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اقلیتوں کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ اقلیتوں کے حق میں بلند بانگ وعدے کئے گئے لیکن وعدوں پر عمل آوری نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے بجٹ میں 28.31 کروڑ مختص کئے گئے لیکن محض 12 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت 300 کروڑ کے منجملہ 142.98 کروڑ جاری کئے گئے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے بتایا کہ اردو اکیڈیمی کو فروغ اردو اسکیم کے تحت 2.35 کروڑ مختص کئے گئے تھے لیکن صرف 51 لاکھ روپئے جاری ہوئے ۔ ائمہ اور مؤذنین گزشتہ تین ماہ سے اعزازیہ سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت پر دباؤ بنانا چاہئے لیکن عوامی نمائندے اپنی ذمہ داری کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بجٹ کے خرچ میں تساہل برتنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ حکومت کو اقلیتی بہبود کی تمام اسکیمات پر عمل آوری کرنی چاہئے ۔ دھرنے میں سی پی آئی اور انصاف کے قائدین ایم اے منان ، شمس الدین ، منیر پٹیل ، شیخ ندیم ، محمد شفیع ، راجندر ، غوثیہ بی ، امینہ بی اور دوسروں نے حصہ لیا ۔