اقلیتی برادری پر ہورہے ظلم کیخلاف لڑائی کیلئے تیار رہیں

   

نارائن پیٹ میں پی ڈی ایس یو کی کانفرنس، ایم ہنومیش کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ 16 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پی ڈی ایس یو طلباء تنظیم کی ایک روزہ ضلعی کانفرنس، نارائن پیٹ کے میٹرو کلاسک گارڈن فنکشن ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ضلع کے پی ڈی ایس یو بائیں بازو طلباء تنظیم کے بانی ایم ہنومیش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پسند اور انصاف پسند قوتوں کو جنونی فاشزم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ متحد ہوکر اقلیتی برادری پر ہورہے اکثریتی فرقہ کے ظلم و زیادتی کے خلاف لڑائی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ اس اجلاس کی صدارت کالیشور نے کی جبکہ دیویندر، جے وینکٹیش، امباداس اور سلمان نے بھی مخاطب کیا۔ جبکہ ضلع کے بانیوں ایم ہنومیش، بی رامو، سی ایچ رام چندر اور خلیل نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ 1988 سے 2023 تک پی ڈی ایس یو طلباء تنظیم میں کام کرنے والے تمام افراد کا اس اجلاس میں شرکت کرنا خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے یاددلایا کہ جب 1988 میں پی ڈی ایس یو نے ضلع میں کام شروع کیا تو دیہاتوں میں جاگیردارانہ نظام رائج تھا اور اس کے خلاف جدوجہد میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے قائدین اور کارکنوں کو پولیس ظلم کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایس یو ضلع میں بہت سے تحریکوں کو جنم دیا ہے۔ غریب طلباء کے لئے اسکالر شپ، مس چارجس، کاسمٹیک چارجس میں اضافہ کی وجہ سے ہم ہمیشہ جدوجہد کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے پہلے زمینداروں کا ظلم ہوا کرتا تھا اور آج سرمایہ داروں کا ظلم بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک سرمایہ داروں کے قبضہ میں ہے اور چند سرمایہ داروں اور خاندانوں کو ملک گروی رکھا جارہا ہے۔ اس کے خلاف ہم کو منظم ہوکر لڑنا ہے اور اس لڑائی کو گلی سے لے کر دلی تک لے جائیں گے۔ اس موقع پر کاشی ناتھ، ایس کرن، پی نرسمہا، سائی کمار، وجئے لکشمن، بھاسکر، بھیمیش اور دیگر نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔