اقلیتی بہبود اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت

   

تجربہ کو بروئے کار لایا جائے ۔ جناب عامر علی خان ایم ایل سی کی سکریٹری اقلیتی بہبود کو مبارکباد

حیدرآباد 21 جون ( سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سے ملاقات کرکے نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد پیش کی اور محکمہ کے تحت اداروں میں بہتری لانے اپنے تجربات کے استعمال کا مشورہ دیا ۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ حکومت سے اقلیتوں کی ترقی کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے ضروری ہے کہ تمام اقلیتی ادارۂ جات کے صدورنشین و ذمہ داروں کے ساتھ مشاورت کرکے ان اداروں کیلئے مختص بجٹ کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے ۔ جناب عامر علی خان نے سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سے ملاقات کے دوران محکمہ کے تحت اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے تجاویز پیش کرکے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت نے اقلیتوں کی جامع ترقی کا جو منصوبہ تیار کیا ہے اسے عملی جامہ پہنانے محکمہ اقلیتی بہبود کو تجربہ کار عہدیدار کی ضرورت تھی اور حکومت نے اسے پورا کردیا ہے۔ جناب ایم بی شفیع اللہ نے بتایا کہ وہ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت موجود ادارۂ جات کی بہتری کیلئے درکار اقدامات کو یقینی بنانے اور انہیں فنڈس کی اجرائی کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔ جناب عامر علی خان نے ریاست میں اقلیتوں کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے منصوبوں میں اقلیتی اداروں کے صدورنشین کو شامل کرنے اور ان سے مشاورت کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عوام سے راست رابطہ رکھنے والے قائدین صدورنشین عہدوں پر فائز ہیں اور ان کے وسیع تجربہ کو بروئے کار لاکر ریاست میں اقلیتوںکی ترقی کیلئے اقدامات کئے جاسکتے ہیں ۔سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ نے رکن قانون ساز کونسل سے خواہش کی کہ وہ اقلیتوں کے مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کریں تاکہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوام کیلئے حکومت کی اسکیمات سے مستفید کرنے اقدامات کئے جاسکیں۔3