مسلمان مسابقت میں پیچھے: محمود علی
حیدرآباد۔8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اعتراف کیا کہ محکمہ جات میں مسلم اعلیٰ عہدیداروں کی کمی کے نتیجہ میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ایک سے زائد ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اقلیتی بہبود میں عہدیدار زائد ذمہ داریوں کے باوجود بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حج کیمپ انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلمان مسابقت میں دیگر اقوام سے پیچھے ہیں، اس کے نتیجہ میں اعلیٰ عہدوں تک نہیں پہنچ پارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اقلیتوں کے لئے علحدہ اقامتی اسکول قائم جہاں معیاری تعلیم کا انتظام ہے تاکہ مسلمان اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی اداروں میں عہدیداروں کی تعیناتی کیلئے حکومت کوشاں ہیں اور جلد ہی اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اقلیتی بہبود کے اداروں میں عہدیداروں کی کمی کے سبب اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری متاثر ہوئی ہے۔ دیگر محکمہ جات میں موجود اقلیتی عہدیدار اقلیتی بہبود میں خدمت انجام دینے کیلئے تیار نہیں۔