اقلیتی طلبہ کیلئے قومی پری میٹرک اسکالر شپ، درخواستوں کی طلبی

   

حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (پریس نوٹ) ضلع حیدرآباد کے اقلیتی بہبود افسر محمد قاسم کے بموجب اقلیتی طبقے کے طلباء و طالبات (مسلم، کرسچن، سکھ، بدھ، جین اور پارسی) کے لئے رواں تعلیمی سال 2021-22 کے لئے قومی اقلیتی پری میٹرک اول تا دہم جماعت اور پوسٹ میٹرک (انٹر میڈیٹ، ڈگری، پی جی، پی ایچ ڈی، تکنیکی و پیشہ وارانہ کورسس میں تعلیم حاصل کرنے والے اقلیتی امیدواروں کے لئے اسکالرشپس فریش اور رینیول کے لئے درخواست داخل کرنے کا عمل شروع ہوچکاہے۔ تمام سرکاری و حکومت سے مسلمہ خانگی اسکولس و کالج کے طلباء اسکالرشپ کے لئے صرف آن لائن طرز پر فارم داخل کرسکتے ہیں۔ خواہشمند امیدوار دیئے گئے ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن درخواست داخل کریں۔ پری میٹرک www.scholarship.gov.in اسکالرشپس کے لئے ادخال درخواست کی آخری تاریخ 15 نومبر 2021 مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ پوسٹ میٹرک اور میٹرک کم مینس اسکالرشپ کی آخری تاریخ 30 نومبر 2021 مقرر ہے۔ اسی طرح انسٹی ٹیوٹ لیول پر داخل کردہ درخواستوں کی تنقیح کی آخری تاریخ 15 دستمبر 2021 مقرر ہے اور ڈسٹرکٹ لیول یا اسٹیٹ لیول درخواستوں کی جانچ و تنقیح کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2021 ہے۔ ان تینوں طرز کی اسکالرشپس کے لئے درخواست داخل کرنے کے لئے انکم سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔ این ایس پی پورٹ رجسٹریشن کرنے کے بعد یوزر آئی ڈی، پاسورڈ نہ ہونے کی صورت میں اسکول یا کالج کے ذمہ داران دفتر اقلیتی بہبود حیدرآباد سے رابطہ پیدا کرسکتے ہیں۔ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے اقلیتی طبقہ کی تمام طلباء و طالبات سے اس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی خواہش کی ہے۔