اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم

   

مکتھل اور نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ جات میں تقریب، ریاستی وزیر سری ہری اور عبیداللہ کوتوال کی شرکت
حیدرآباد ۔ 17۔ جولائی (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے مکتھل اور نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ جات میں غریب مستحق اقلیتی خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ وزیر اینمل ہسبنڈری وی سری ہری ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال اور رکن اسمبلی پرنیکا ریڈی کے علاوہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار موجود تھے ۔ مکتھل میں 200 اور نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ میں 150 سلائی مشین تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اینمل ہسبنڈری وی سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی میں سنجیدہ ہے۔ حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ کئی اسکیمات کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماجی انصاف کی فراہمی کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے طبقاتی سروے کے کامیاب انعقاد کے ذریعہ ملک کو نئی راہ دکھائی ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال نے کہا کہ کارپوریشن کے ذریعہ سلائی مشینوں کی تقسیم کے علاوہ اقلیتی نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کورسس کی ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خود مکتفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ راجیو یووا وکاسم اسکیم پر عمل آوری کیلئے حکومت جلد ہی فیصلہ کرے گی۔1