کانگریس قائدین وفد کی ایم ڈی اقلیتی فینانس کارپوریشن سے ملاقات ، شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے اقلیتی نوجوانوں کو قرض کی عدم ادائیگی پر احتجاجی مہم شروع کرنے کا انتباہ دیا ۔ کانگریس کے قائدین کے ایک وفد کے ساتھ تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹی فینانس کارپوریشن کی منیجنگ ڈائرکٹر اے ایچ این کانتھی ویسلی سے ملاقات کی ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں بیروزگار نوجوانوں کو قرض سے محروم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ۔ منیجنگ ڈائرکٹر نے آئندہ دس دن میں تمام تفصیلات سے واقف کرانے کا تیقن دیا ۔ شیخ عبداللہ سہیل کی قیادت میں ایک وفد نے حج ہاوز پہونچکر ایم ڈی کو ایک یادداشت پیش کی ۔ اس وفد میں صدر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ ، ساجد شریف کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر وزیر داخلہ محمد محمود علی اور وزیر بہبود کے ایشور اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے بارے میں بلند بانگ دعوے کررہے ہیں ۔ مگر عمل آوری صفر ہے ۔ 2015-16 میں قرض کے تعلق سے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو 1.53 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان درخواستوں کی یکسوئی نہیں ہوئی ۔ ووٹ ان اکاونٹ بجٹ میں اقلیتی بہبود کے لیے سال 2019 میں 573.10 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جن میں بینکوں سے مربوط اسکیمات کے لیے 24.41 کروڑ روپئے شامل ہیں ۔ لیکن اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے بیروزگار اقلیتوں میں قرض کی اجرائی میں ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔ جس سے اقلیتوں میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔
شیخ عبداللہ سہیل نے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے 29 اگست 2018 کو جاری کردہ جی او 41 کا حوالہ دیا جس میں اہل استفادہ کنندگان میں 100 فیصد اور 80 فیصد سبسیڈی دینے کے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے جی او کی اجرائی کے 9 ماہ بعد بھی اس پر کسی قسم کی عمل آوری نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا ویب سائیٹ بھی کارکرد نہیں ہے ۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے آئندہ 3 تا 4 یوم میں ویب سائٹ کو کارکرد بنانے کا تیقن دیا ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ تلنگانہ کے لاکھوں بیروزگار اقلیتی نوجوان ، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے قرض کا انتظار کررہے ہیں ۔ مگر تلنگانہ حکومت اور کارپوریشن کی جانب سے انہیں مسلسل مایوس کیا جارہا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے گذشتہ 5 سال کے دوران کتنے اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کو سبسیڈی پر لون دیا گیا اس پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ایم ڈی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے 10 دن بعد تمام تفصیلات پیش کرنے کا کانگریس کے وفد کو تیقن دیا ۔۔
