اقلیتی کارپوریشن سے صد فیصد سبسیڈی اسکیم ، سابقہ درخواستوں کی یکسوئی پر غور

   

Ferty9 Clinic

کوئی بھی نئی درخواست وصول نہیں کئے جائیں گے ، کرسچین کارپوریشن سے نئے درخواستوں کا حصول
حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے 100فیصد سبسیڈی اسکیم کے لئے درخواستوں کی وصولی کا فیصلہ کیا ہے اور 31جولائی تا14 اگسٹ یہ درخواستیں وصول کی جائیں گی لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اس اسکیم کیلئے مسلم نوجوانوں سے کوئی درخواستوں کی وصولی عمل میں نہیں لائی جائے گی بلکہ سابق میں جو قرضـ کے لئے درخواستوں کی وصولی عمل میں لائی گئی تھی ان درخواستوں میں سے ہی منتخبہ امیدواروں کو ایک لاکھ روپئے سبسیڈی رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ ریاستی کرسچن مالیاتی کارپوریشن نے بینک سے مربوط اسکیم سے قرض حاصل کرنے کے سلسلہ میں کوئی درخواست وصول نہیں کی تھی بلکہ اس اسکیم کے بجائے دیگر اسکیمات روشناس کروانے کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے تمام اسکیمات کو منسوخ کرتے ہوئے ایک لاکھ روپئے تک کی سبسیڈی اسکیم کو منظوری دی گئی ہے جس کے سبب کرسچن مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے نئی درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے جب نئی درخواستوں کی وصولی کرسچن کارپوریشن کی جانب سے عمل میں لائی جا رہی ہے تو ایسی صورت میں حکومت کو چاہئے کہ وہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے لئے بھی اس بات کی ہدایا ت جاری کریں کہ وہ ایک لاکھ روپئے تک کی 100فیصد سبسیڈی اسکیم کی درخواستوں کی اسی مدت کے دوران وصولی کو یقینی بنائیں تاکہ جو اقلیتی نوجوان اس اسکیم کے لئے درخواست داخل کرنے کے اہل ہیں اور درخواست داخل کرنا چاہتے ہیں انہیں بھی درخواست داخل کرنے کا موقع حاصل ہوسکے۔