اقلیتی کمیشن کا اجلاس، 16 مختلف مقدمات کی سماعت

   

حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف نوعیت کے 16 مقدمات کی سماعت کی گئی۔ رکن کمیشن ایم اے عظیم کے علاوہ ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور کمیشن کے مشیران فاروق علی خاں اور ایم اے قدیر صدیقی نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیشن نے وقارآباد کے دھارور موضع میں 2 ایکر 20 گنٹے اراضی کے معاملہ میں مالک اراضی امینہ بیگم کی سماعت کی۔ انہوں نے یہ اراضی مسلم قبرستان کیلئے بطور عطیہ دی تھی جو کہ 1954-55 کی پہانی میں درج ہے۔ تحصیلدار شریمتی آر وی رادھا بائی اور سرکل انسپکٹر وی داسو نے کمیشن کے روبرو پیش ہوکر اپنا موقف بیان کیا۔ تحصیلدار نے بتایا کہ 17گنٹے اراضی مسلم قبرستان برقرار ہے اور باقی پٹہ اراضی ہے جو شریمتی آشماں کے قبضہ میں ہے۔ کمیشن نے آر ڈی او وقارآباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 جولائی کو حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ریٹائرڈ ٹاون پلاننگ سوپر وائزر افضل علی نے شکایت کی کہ معطلی کی مدت کو باقاعدہ بنانے اور وظیفہ کے تعین میں تاخیر کی جارہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے اسٹانڈنگ کونسل اور اسسٹنٹ سٹی پلانر نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت طلب کیا۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل ٹاون پلانر میونسپل کارپوریشن محمد خالد سرور کے ریٹائرمنٹ بینفٹس کا معاملہ بھی زیر سماعت رہا۔ کمیشن نے آئندہ سماعت 31 اگسٹ کو مقرر کی ہے۔ بنجارہ ہلز میں بلدیہ کی جانب سے سڑک کی توسیع میں حاصل کردہ اراضی کا معاوضہ ادا نہ کرنے پر افضل النساء بیگم نے کمیشن میں شکایت کی۔ بلدی عہدیداروں نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت مانگی جس پر آئندہ سماعت 31 اگسٹ کو مقرر کی گئی ہے۔ کمیشن نے محمد فضل الدین احمد کی جانب سے بچوں کی نگہداشت نہ کرنے کا معاملہ زیر سماعت رہا۔ خاتون اور اس کے بچوں نے شکایت کی۔ کمیشن نے فریقین کی سماعت کی اور فضل الدین احمد نے مینٹننس فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے لڑکیوں کی شادی کے اخراجات برداشت کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ اس مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔ جامع مسجد محبوب نگر کی اراضی پر قبضہ کے سلسلہ میں قابض کے وکیل کمیشن کے روبرو حاضر ہوئے۔ وقف انسپکٹر محمد غوث نے ریکارڈ پیش کیا۔ مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ کمیشن نے سنگاریڈی، جنگاؤں، کونڈا پور میں اراضیات کے مختلف معاملات کی سماعت کی۔ اس کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی کے سنٹر آف اڈوانسڈ اسٹڈیز کے سربراہ محمد انصاری کی شکایت کا جائزہ لیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ جاریہ ہفتہ یونیورسٹی کی ایکزیکیٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ یونانی میڈیکل آفیسرس کی 54 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں پی سرینواس راؤ ڈپٹی ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف آیوش نے اس سلسلہ میں حکومت سے کی گئی مراسلت سے واقف کرایا۔ سدھاکر راؤ ڈپٹی رجسٹرار کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی ورنگل بھی حاضر ہوئے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 7 ستمبر کو ہوگی۔ گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد علی حیدر اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اے اے خاں کی شکایتوں کی سماعت کرتے ہوئے آئندہ پیشی 7 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔