’سلامتی کونسل کے پانچ ارکان کو ساری دنیا پر حکمرانی کا حق دیدیا گیا‘
اقوام متحدہ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد نے آج کہاکہ جنگیں روکنے کی ذمہ داری کی تکمیل میں اقوام متحدہ ناکام ہوگیا ہے اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان ملکوں کو ساری دنیا پر عملاً حکمرانی کا حق و اختیار دیدیا گیا ہے۔ مہاتر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعہ کو خطاب کے دوران ایک ایسی تصویر پیش کی جس میں دولتمند ممالک وہ سب کچھ کیا کرتے ہیں جو انھیں پسند ہوتا ہے۔ وہی (دولتمند) ممالک تجارتی قوانین لکھتے ہیں، پابندیاں عائد کرتے ہیں۔ جمہوریت مسلط کرتے ہیں جبکہ کم طاقتور ممالک محض جدوجہد میں مصروف رہتے ہیں۔ مہاتر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ ارکان کو حاصل ویٹو اختیار کے خلاف خاص طور پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ ’یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ان (پانچ کے منجملہ) کوئی ایک رکن بھی تمام مسائل و تنازعات کے تمام حلوں کو مسترد و ناکام کرسکتا ہے‘۔ مہاتر محمد نے کہاکہ اقوام متحدہ اگرچہ جنگیں روکنے میں ناکام تو ہوگیا ہے لیکن غریبی کو کم کرنے کے لئے بہت خوب کوشش کی ہے۔
