اسلام آباد : ڈان میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے دو روزہ’بریتھ پاکستان‘ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کیلئے بطور پرنسپل پارٹنر شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 6 اور 7 فروری 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس کے تفصیلی ایجنڈے کا اعلان اس ماہ کے آخر میں متوقع ہے ۔ کانفرنس کے پس پردہ وژن کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے پاکستان اور جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نمایاں کرنے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کانفرنس کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ دنیا بھر سے معروف موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین، اور سینئر حکام کو بطور مقرر فراہم کرکے ڈان میڈیا کے موسمیاتی اقدام کی حمایت کرے گا۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ڈان کی سینئر انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں زور دیا کہ یہ اقدام‘ پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے ساتھ ساتھ اس کی حکومت، شہریوں اور اس کے عزم کو اجاگر کرے گا جبکہ خانگی شعبہ کو ماحولیاتی کارروائی کیلئے متحرک کرے گا۔